سکیورٹی پیپرز لمیٹڈ کا قبل از ٹیکس سالانہ منافع 1598 ملین روپے تک بڑھ گیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2026ء) سکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل)کا قبل از ٹیکس سالانہ منافع 1598ملین روپے تک بڑھ گیا۔ کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق 30جون 2026کو ختم ہونے والے م

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2026ء) سکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل)کا قبل از ٹیکس سالانہ منافع 1598ملین روپے تک بڑھ گیا۔ کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق 30جون 2026کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران ایس پی ایل کو 907ملین روپے خالص منافع حاصل ہوا ہے۔ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے شراکت داروں کیلئے فی حصص 9روپے یعنی 90فیصد کے کیش ڈیویڈنڈ کی منظوری دی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران سکیورٹی پیپرز لمیٹڈ نے جامع سٹرٹیجک اقدامات کے تحت ایس پی ایل کی پی ایم ٹو پیپرز میکنگ مشین کو جدید ترین مشین (پی ایم ۔2)سے تبدیل کیا ہے جس کے نتیجہ میں توسیع مرحلہ کے دوران کمپنی بہترین معیار اور جدید ترین سکیورٹی خصوصیات کا حامل کاغذ تیار کرے گی جو بینک نوٹس کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا۔ ایس پی ایل کے چیئرمین محمد آفتاب منظور نے کہا ہے کہ پی ایم ۔ 2کی جدت سے ایک اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے جو کارکردگی میں اضافہ اور کمپنی کی استعداد کار کو فروغ دے گی۔انہوں نے کہا کہ ایس پی ایل پائیدار ترقی اور طویل مدت کیلئے جدت کے حوالے سے پر عزم ہے۔ ایس پی ایل کے مطابق کمپنی نے اپنے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے جامع اقدامات کئے ہیں جن کے تحت ایس پی ایل بجلی کی پیداوار کے پلانٹ کی استعداد میں اضافہ 5 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کیلئے اضافی سٹوریج ٹینک کی تعمیر اور بیرون پانی پر انحصار کو کم کرنے کیلئے ریورس اوسموسز بورز کے اقدامات شامل ہیں۔ کمپنی کی پائیدار ترقی کی مہم کے تحت ایس پی ایل نے 350 کلوواٹ کا سولر سسٹم بھی لگایا ہے تاکہ شفاف توانائی کے استعمال کو فروغ دیا جاسکے۔



