فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2026ء) چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( فیڈمک)رانا اظہروقار نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ معاشی صلاحیتوں کا حامل ملک ہے، جہاں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مضبوط سرمایہ کاری نہ صرف صنعتی اور کاروباری اداروں کو ترقی دیتی ہے بلکہ نئی صنعتوں کے قیام، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو جدید سہولیات، شفاف نظام اور آسان کاروباری ماحول کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ملکی ترقی، برآمدات میں وسعت اور صنعتی پیداوار میں اضافے کا بنیادی ذریعہ ہے جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی رہنمائی، کاروباری امور میں آسانیاں پیدا کرنے اور درپیش مسائل کے بروقت حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیدمک صنعتی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار پوری ذمہ داری سے ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شفاف، مؤثر اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کو خطے کا اہم صنعتی اور تجارتی مرکز بنایا جا سکتا ہے، جبکہ مضبوط صنعتی بنیادیں ہی پائیدار معاشی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون سے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں اور قومی معیشت مزید مستحکم ہو۔