ساہیوال ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی صدر حمیرا بخاری کی چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) ساہیوال ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس ڈبلیو سی سی آئی ) کی بانی صدر حمیرا بخاری نے اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور انٹر پارلیمانی سپیک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) ساہیوال ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس ڈبلیو سی سی آئی ) کی بانی صدر حمیرا بخاری نے اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کی سفیر مصباح کھر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کے اہم کردار اور خواتین کاروباری شخصیات کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ملک بھر میں خواتین کی ملکیت والے کاروباری اداروں کے لئے ادارہ جاتی معاونت کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق حمیرا بخاری نے ساہیوال ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے خواتین کو کاروباری سہولیات، کاروباری تربیت، روابط کے مواقع، استعداد کار میں اضافے اور خواتین دوست معاشی پالیسیوں کے لیے معاونت فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر خواتین کو اختراع، ہنر مندی کے فروغ اور پائیدار کاروباری ترقی کے ذریعے ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کر رہا ہے ۔مصباح کھر نے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور انہیں معاشی سرگرمیوں میں بامعنی کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ساہیوال ویمن چیمبر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار قومی ترقی اور جامع معاشی نمو کے حصول کے لئے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کی پوشیدہ صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لئے سرکاری اداروں اور خواتین کاروباری شخصیات کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے سے نہ صرف خاندانوں اور معاشروں کو استحکام ملتا ہے بلکہ پاکستان کی مجموعی معاشی مضبوطی میں بھی نمایاں کردار ادا ہوتا ہے۔ مشیر چیئرمین سینیٹ نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں سینیٹ پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جامع ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی سمیت معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے فروغ کے لئے اقدامات کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، معلومات اور تجربات کے تبادلے اور ایسی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا جن کے ذریعے پاکستان بھر میں خواتین کے لیے زیادہ جامع اور خوشحال کاروباری ماحول تشکیل دیا جا سکے۔



