آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے مزدور یونین کا وفاقی دارالحکومت کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش شہر بنانے کیلئے باہمی ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور سی ڈی اے مزدور یونین نے وفاقی دارالحکومت کو مزید صاف، منظم، کاروبار دوست اور سرمایہ کاری کے ل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور سی ڈی اے مزدور یونین نے وفاقی دارالحکومت کو مزید صاف، منظم، کاروبار دوست اور سرمایہ کاری کے لئے پرکشش شہر بنانے کے لئے باہمی ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق اس عزم کا اظہار سی ڈی اے مزدور یونین کے صدر اورنگزیب خان اور سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں ایک وفد کے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا گیا۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار معاشی استحکام کا انحصار مؤثر شہری اداروں اور مضبوط کاروباری سرگرمیوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری شہری سہولیات، جدید انفراسٹرکچر اور سرمایہ کار دوست ماحول ہی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافے کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے سی ڈی اے ملازمین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کی تعمیر، خوبصورتی اور دیکھ بھال میں ان کا کردار قابلِ ستائش ہے اور آئی سی سی آئی اسلام آباد کی اجتماعی ترقی کے لئے تمام سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین نے پرتپاک استقبال پر آئی سی سی آئی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی فلاح اور تجارت و صنعت کا فروغ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے مزدور یونین کے درمیان مؤثر رابطہ شہری اور کاروباری مسائل کے بروقت حل میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی ڈی اے مزدور یونین جمہوری، آئینی اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے ملازمین نے وفاقی دارالحکومت کی تعمیر، ترقی اور خوبصورتی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، اس لئے انہیں باوقار ماحول، بہتر سہولیات اور فلاحی اقدامات فراہم کئے جائیں جبکہ ملازمین سے متعلق تمام معاملات یکطرفہ فیصلوں کے بجائے بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کئے جائیں۔ آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق اور سابق صدر خالد جاوید نے کہا کہ شہری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطہ ہی معیاری شہری خدمات کی فراہمی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی ضمانت ہے۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود اور ایڈیشنل ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد رضوان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر مرزا محمد علی نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر شہری مسائل کے حل، مزدوروں کی فلاح اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اجتماعی کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔



