لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ2027 میں متوقع نئے جی ایس پی پلس فریم ورک کے باعث پاکستان کو بین الاقوامی کنونشنز پر موثر عملدرآمد اور ضروری اصلاحات میں تیزی لانا ہوگی ،برآمدات میں تنوع، صنعتی مسابقت اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی وقت کی اہم ضرورت ہے،حکومت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطے برقرار رکھنے کے ساتھ انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور صنعتی اصلاحات پر عملی پیشرفت کو یقینی بنائے تاکہ جی ایس پی پلس کی سہولت برقرار رہے اور ملکی برآمدات کو مزید فروغ مل سکے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان کو شفاف طرز حکمرانی اور موثر احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر اصلاحات میں تاخیر ہوئی تو مستقبل میں پاکستان کو تجارتی مراعات برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ برآمدی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیداواری لاگت میں کمی سے عالمی منڈی میں مسابقت بڑھائی جا سکتی ہے۔ علی عمران آصف نے کہا کہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل اور برآمدی شعبے کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں ،مضبوط سفارتکاری اور عملی اصلاحات پاکستان کے لیے یورپی منڈی تک ترجیحی رسائی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔تجویز ہے کہ حکومت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطے برقرار رکھنے کے ساتھ انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور صنعتی اصلاحات پر عملی پیشرفت کو یقینی بنائے جبکہ برآمدی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، کم لاگت پیداوار اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے خصوصی مراعات بھی فراہم کی جائیں تاکہ ملکی معیشت کو طویل مدتی استحکام حاصل ہو۔