پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آم سفارتی محاذ پر چھا گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کو اقتصادی اور ثقافتی سفارت کاری کے مؤثر ذریعہ کے طور پر فروغ دینے کے لیے وزارت خارجہ، حکومت سندھ، آل پاکستان فروٹ اینڈ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کو اقتصادی اور ثقافتی سفارت کاری کے مؤثر ذریعہ کے طور پر فروغ دینے کے لیے وزارت خارجہ، حکومت سندھ، آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی ایف وی ای) اور میریٹ ہوٹل کراچی کے اشتراک سے "مینگو ڈپلومیسی فیسٹ" کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی برادری، مختلف ممالک کے سفیروں، اعلیٰ سرکاری حکام، برآمد کنندگان، کاروباری شخصیات اور زرعی شعبے سے وابستہ نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی فرسٹ لیڈی پاکستان آصفہ بھٹو زرداری تھیں، جنہوں نے ممتاز شرکائ میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ زراعت صرف ایک معاشی سرگرمی نہیں بلکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور لاکھوں محنت کش کسانوں کے روزگار کی بنیاد ہے۔ پاکستان کا ہر آم محنت، لگن اور نسل در نسل زرعی مہارت کی داستان سناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین آم پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں سندھڑی، چونسہ، انور رٹول، لنگڑا اور دسہری جیسی عالمی شہرت یافتہ اقسام پیدا ہوتی ہیں، جن کا منفرد ذائقہ، خوشبو اور اعلیٰ معیار پاکستان کی پہچان بن چکا ہے۔ یہی آم دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کے سفیر کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ "مینگو ڈپلومیسی فیسٹ" جیسے پروگرام مختلف ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، دوستی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔ سفارت کاری صرف سرکاری مذاکرات تک محدود نہیں بلکہ ثقافت، مہمان نوازی اور روایات بھی بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ جدید زرعی ٹیکنالوجی، بہتر انفراسٹرکچر، مضبوط ویلیو چین اور عالمی معیار کے مطابق پیداوار کے ذریعے کسانوں کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی تاکہ پاکستانی زرعی مصنوعات عالمی منڈی میں مزید مسابقتی بن سکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب میں شرکت پر فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی پاکستان کے زرعی ورثے اور عالمی سطح پر اقتصادی سفارت کاری کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ سفارتی برادری، حکومت سندھ اور کاروباری حلقوں کے درمیان مؤثر روابط کے فروغ میں ان کا کردار قابل تحسین ہے، جس سے برآمدات اور بین الاقوامی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے فارن افیئرز لائڑن آفس کراچی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان سومرو نے کہا کہ مینگو ڈپلومیسی فیسٹ پاکستان کی زرعی برتری اور اقتصادی و ثقافتی سفارت کاری کی بہترین مثال ہے۔ پاکستان کے آم اپنے اعلیٰ معیار، منفرد ذائقے اور مختلف اقسام کی بدولت دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتے ہیں اور ایسے پروگرام نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہیں بلکہ نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ پاکستانی سفارتی مشنز، برآمد کنندگان، کاروباری برادری اور عالمی شراکت داروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہو۔تقریب میں پاکستان کی زرعی برآمدات، عالمی منڈیوں تک رسائی اور اقتصادی سفارت کاری کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے آم کی صنعت کو روزگار، کسانوں کی خوشحالی اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔تقریب کے دوران ترکش ایئرلائنز اور پولانی ٹریولز کے تعاون سے خوش نصیب شرکائ کے لیے بین الاقوامی فضائی ٹکٹوں کی قرعہ اندازی بھی کی گئی، جس نے تقریب کو مزید پٴْررونق بنا دیا، جبکہ آخر میں میریٹ کراچی کے جنرل منیجر رضا عباس نے شرکائ کا شکریہ ادا کیا۔



