لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں اس وقت صرف 6فیصد افرادی قوت کے پاس باقاعدہ پیشہ ورانہ اسناد موجود ہیں جبکہ ہر سال تقریبا 4 لاکھ 58ہزارافراد فنی و پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہر سال تقریباً 30لاکھ نوجوان روزگار کی منڈی میں داخل ہوتے ہیں لیکن ان میں سے 15فیصد سے بھی کم کو باقاعدہ تکنیکی تربیت میسر آتی ہے، جبکہ دورانِ ملازمت تربیت حاصل کرنے والوں کی شرح صرف 2.5فیصد ہے جو صنعتی ضروریات کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ ہنر مندوں اداروں کے ماہرین نے کہا ہے کہ اگر حکومت فنی تعلیم، صنعتی سرمایہ کاری، سی پیک 2.0اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو ایک مربوط قومی حکمت عملی کے تحت آگے بڑھائے تو پاکستان نہ صرف صنعتی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے بلکہ خطے میں ہنرمند افرادی قوت کا ایک اہم مرکز بھی بن سکتا ہے۔