نجکاری کا عمل شفافیت ،بر ق رفتاری سے مکمل کیا جائے،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، خادم حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) معروف کارباری رہنما اور پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ نقصان میں جانے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) معروف کارباری رہنما اور پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ نقصان میں جانے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو شفافیت کے ساتھ بر ق رفتاری سے مکمل کیا جائے ،نجکاری کا بنیادی مقصد صرف ریاستی اثاثوں کی فروخت نہیں بلکہ اداروں کی کارکردگی میں بہتری، جدید انتظامی نظام کا فروغ، سرمایہ کاری میں اضافہ اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی ہونا چاہیے۔ جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام مراحل میں شفافیت، احتساب اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ نجکاری کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو قومی پالیسی کاحصہ بنایا جائے۔ انفراسٹرکچر، توانائی، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا سکتے ہیں جس سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں، سرمایہ کاروں کے تحفظ، آسان ریگولیٹری نظام اور طویل المدتی معاشی استحکام سے نجی شعبہ ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت نجکاری کے عمل کو قومی مفاد، شفافیت اور مشاورت کے اصولوں کے تحت آگے بڑھاتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بھرپور فروغ دے گی تاکہ پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور عوامی فلاح کے اہداف موثرانداز میں حاصل کیے جا سکیں۔



