سیمنٹ انڈسٹری، مقامی طلب نے برآمدات کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) پاکستان کی سیمنٹ انڈسٹری نے مالی سال 2026ء میں مضبوط بنیادوں پر کلوزنگ کی۔ مجموعی ترسیلات ڈسپیچز 50.58ملین ٹن تک پہنچ گئیں جو مالی سال 2025ء کے 47ملین ٹن ک

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) پاکستان کی سیمنٹ انڈسٹری نے مالی سال 2026ء میں مضبوط بنیادوں پر کلوزنگ کی۔ مجموعی ترسیلات ڈسپیچز 50.58ملین ٹن تک پہنچ گئیں جو مالی سال 2025ء کے 47ملین ٹن کے مقابلے میں 7.6فیصد زیادہ ہیں۔ یہ چند برسوں میں سب سے مضبوط حجم کی کارکردگی تھی ۔مقامی ترسیلات 10فیصد اضافے کے ساتھ 41.57ملین ٹن تک پہنچ گئیں جس سے سال کے دوران تقریباً 3.8ملین ٹن کا اضافہ ہوا۔ برآمدات جنہوں نے اس وقت پلانٹس کو چلائے رکھا جب مقامی تعمیراتی سرگرمیاں شدید مشکلات کا شکار تھیں، 2.1فیصد کمی کے بعد 9.01ملین ٹن رہ گئیں۔ نتیجتاًمجموعی ترسیلات میں برآمدات کا حصہ گزشتہ سال کے تقریباً 20 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 18فیصد رہ گیا۔شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ پلانٹس کی ترسیلات 7.5فیصد اضافے کے ساتھ 35.5ملین ٹن رہیں جس کی بڑی وجہ مقامی فروخت میں 11فیصد اضافہ تھا۔ تاہم شمالی علاقوں کی برآمدات نصف سے بھی زیادہ کم ہو کر صرف 0.78ملین ٹن رہ گئیں کیونکہ افغانستان سرحد کی بندش نے سرحد پار ترسیلات کو متاثر کیا۔ جنوبی علاقوں کے پلانٹس کی ترسیلات 7.8فیصد اضافے کے ساتھ 15.08ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔ جنوبی علاقوں میں مقامی فروخت 6فیصد بڑھی، جبکہ برآمدات 9فیصد اضافے کے ساتھ 8.24ملین ٹن رہیں، جسے سمندری راستوں تک رسائی سے مدد ملی۔ جون میں مجموعی سیمنٹ ترسیلات سالانہ بنیاد پر 18.4فیصد اضافے کے ساتھ 4.33ملین ٹن رہیں، جبکہ مئی کے مقابلے میں بھی 13فیصد زیادہ تھیں۔ مقامی فروخت میں 27فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 3.54 ملین ٹن تک پہنچ گئی جبکہ برآمدات 9فیصد کمی کے بعد 0.79ملین ٹن رہیں۔شمالی علاقوں سے جون میں کوئی برآمد نہیں ہوئی کیونکہ افغانستان سرحد بند تھی تاہم مقامی ترسیلات 27فیصد اضافے کے ساتھ 3.02ملین ٹن رہیں۔ جنوبی علاقوں میں مجموعی ترسیلات 23فیصد بڑھ کر 1.31ملین ٹن ہو گئیں۔ مقامی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ برآمدات 20فیصد بڑھ کر 0.79ملین ٹن رہیں۔ ماہ کے دوران پیداواری صلاحیت کے استعمال کی شرح 61فیصد رہی تاہم علاقائی فرق نمایاں تھا، شمال میں یہ شرح 54فیصد جبکہ جنوب میں 90فیصد رہی۔جون میں صلاحیت کے استعمال کی شرح حوصلہ افزا دکھائی دیتی ہے لیکن پورے مالی سال کی تصویر اب بھی کمزور ہے۔ صنعت کے پاس تقریباً 80ملین ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت موجود ہے۔ 50ملین ٹن سے زائد ترسیلات کے باوجود اس صلاحیت کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ غیر فعال رہا۔ کئی برسوں تک بڑے پیمانے پر توسیع نے شعبے میں اضافی پیداواری صلاحیت پیدا کر دی ہے، جس کا مسئلہ ایک سال کی بحالی سے حل نہیں ہو سکتا۔کچھ عوامل کی بنیاد پر مالی سال 2027ء میں سیمنٹ انڈسٹری کی ترسیلات مزید 7سے 8فیصد بڑھ کر 54سے 55ملین ٹن تک پہنچ سکتی ہیں۔



