کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2026ء) اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سہولت کاری سے کراچی میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت کراچی انڈسٹریل پارک کو برآمدی صنعت، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری اور روزگار کے بڑے مرکز کے طور پر توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی انڈسٹریل پارک کی نگرانی، انتظام اور منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے وفاقی اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی (Federal SEZA) قائم کی جائے گی۔ایڈیشنل سیکریٹری ایس آئی ایف سی ساجد قاضی کی قیادت میں فیڈرل اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے وفد نے کراچی کی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ اہم اجلاس کیا۔ اجلاس میں صنعتی اور تجارتی شعبے سے وابستہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل، سرمایہ کاری کے لیے سہولت کاری اور کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کراچی انڈسٹریل پارک کو جدید صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے یہاں سرمایہ کاری اور برآمدی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے، تاکہ صنعتی پیداوار میں اضافے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔حکام کے مطابق ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے نتیجے میں کراچی میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور برآمدات کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جبکہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ کراچی انڈسٹریل پارک کی توسیع اور وفاقی سطح پر خصوصی اکنامک زون اتھارٹی کے قیام سے صنعتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور برآمدی صنعت کے فروغ کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔