ستمبر میں مہنگائی 10.3 فیصد، عوام اور صنعت پر دباؤ برقرارہے، میاں زاہد حسین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی ستمبر 2026 کی قیمتوں سے متعلق

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی ستمبر 2026 کی قیمتوں سے متعلق رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالانہ مہنگائی کی شرح 10.3 فیصد رہنا عوام اور پیداواری شعبوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست میں 11.1 فیصد کے مقابلے میں ستمبر کی شرح میں کمی خوش آئند ہے، تاہم ماہانہ بنیاد پر قیمتوں میں 1.3 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ عام آدمی اور کاروباری طبقے پر مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے۔ ان کے مطابق بجلی، ایندھن اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ پیداواری لاگت کو بھی متاثر کررہا ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ ستمبر میں سالانہ بنیاد پر بجلی کے بنیادی چارجز میں 32.46 فیصد، موٹر فیول میں 37.73 فیصد، گندم میں 40.96 فیصد اور آٹے میں 31.71 فیصد اضافہ ہوا۔ بجلی اور ایندھن مہنگا ہونے سے صنعتی پیداواری اخراجات، خام مال کی ترسیل اور تیار مصنوعات کی سپلائی لاگت میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھوک قیمتوں کے اشاریے کے مطابق سالانہ مہنگائی 13.3 فیصد تک پہنچنا صنعتی شعبے کے لیے بھی تشویش کا باعث ہے۔ بڑھتی ہوئی لاگت اور صارفین کی محدود قوت خرید کے باعث صنعتکار اضافی اخراجات مکمل طور پر صارفین کو منتقل نہیں کرپاتے، جس سے بالخصوص چھوٹی اور درمیانی صنعتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں کو خطے کے دیگر ممالک سے ہم آہنگ کرنے کے لیے حکومت اصلاحات تیز کرے۔ بجلی چوری، لائن لاسز، کمزور وصولیوں، کپیسٹی چارجز اور انتظامی اخراجات کے مسائل کا بوجھ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین اور صنعتوں پر منتقل کرنے کے بجائے ان کا مستقل حل تلاش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ برآمدی صنعتوں کو مسابقتی نرخوں پر قابل اعتماد بجلی اور گیس کی فراہمی ضروری ہے، جبکہ واضح اور مستحکم ٹیرف نظام کاروباری منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے خوراک کی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطے اور گندم، آٹے و دیگر ضروری اجناس کے ذخائر، طلب اور رسد کی مسلسل نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور غیر معمولی منافع خوری کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام کے بعد پائیدار معاشی بہتری کے لیے صنعتی پیداوار، برآمدات اور عوام کی حقیقی آمدنی میں اضافہ ضروری ہے۔ کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے ہدفی ریلیف، توانائی اصلاحات، سپلائی چین میں بہتری اور کاروباری لاگت میں کمی کو ترجیح دی جائے تاکہ معاشی استحکام کے فوائد عوام اور کاروباری طبقے تک منتقل ہوسکیں۔



