کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم کے صدر اور نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ کپاس ملکی زرعی معیشت اور برآمدات کی ریڑھ کی ہڈی ہے، تاہم اس کی پیداوار میں مسلسل کمی تشویشناک ہے، حکومت ’’کپاس اگاؤ، معیشت بچاؤ‘‘ مہم کو قومی پالیسی کا حصہ بنائے۔ انہوں نے پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کاٹن زونز میں قائم شوگر ملوں کو فوری طور پر منتقل کیا جائے، کپاس اور اس کی ضمنی مصنوعات، بشمول بنولہ اور کاٹن سیڈ کیک پر عائد سیلز ٹیکس ختم کیا جائے، بجلی کے بلوں میں شامل فکسڈ چارجز ختم اور کاٹن کنٹرول ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ امریکی محکمہ زراعت کی حالیہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026-27 میں پاکستان میں کپاس کی پیداوار 4.9 ملین بیلز رہنے کا امکان ہے جبکہ پیداواری ہدف 9.6 ملین بیلز مقرر کیا گیا تھا۔ ملکی اسپننگ صنعت کی سالانہ ضرورت تقریباً 10 ملین بیلز ہے، اس لیے شارٹ فال پورا کرنے کیلئے 5 ملین سے زائد بیلز درآمد کرنا پڑسکتی ہیں، جن کی مالیت تقریباً 2 ارب ڈالر بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی ملکی پیداوار میں کمی کے باعث یہ خطیر رقم پاکستانی کسانوں کے بجائے غیر ملکی کسانوں کو جائے گی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی اضافی دباؤ پڑے گا۔ مالی سال 2023-24 میں کپاس کی پیداوار 7 ملین بیلز اور درآمدات 3.2 ملین بیلز تھیں، جبکہ 2024-25 میں پیداوار کم ہوکر 5 ملین بیلز رہ گئی اور درآمدات بڑھ کر 6.1 ملین بیلز ہوگئیں۔ مالی سال 2025-26 میں پیداوار 5.6 ملین بیلز جبکہ درآمدات تقریباً 6 ملین بیلز رہیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران کپاس کے زیرکاشت رقبے میں تقریباً 33 فیصد کمی پیداوار میں مسلسل گراوٹ کی بڑی وجہ ہے۔ صنعتی پیداواری لاگت بھی خطے کے مقابلے میں زیادہ ہے، پڑوسی ممالک میں صنعتوں کو تقریباً 8 سینٹ فی یونٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ پاکستان میں یہی شرح 14 سینٹ فی یونٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے فکسڈ چارجز اور ٹیکسز کے علاوہ کپاس، بنولہ اور کاٹن سیڈ کیک پر سیلز ٹیکس جیسی پالیسیوں نے صنعت اور مارکیٹ کو متاثر کیا ہے، جنہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ کاٹن زونز میں شوگر ملوں کے قیام کی اجازت دینا کپاس کے پیداواری رقبے اور صلاحیت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا، اس لیے وہاں قائم شوگر ملوں کو منتقل کرکے کاٹن کنٹرول ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جننگ سیکٹر کو صنعتی درجہ دے تاکہ اسے مسابقتی نرخوں پر بجلی اور گیس فراہم کی جاسکے جبکہ کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے جدید بیج فراہم کیے جائیں، بصورت دیگر عالمی منڈی میں پاکستان کی کپاس اور ٹیکسٹائل مصنوعات کا حصہ مزید متاثر ہوسکتا ہے۔