راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2026ء) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے سیٹلائٹ ٹائون، کمرشل مارکیٹ میں قائم ایک مبینہ غیر قانونی کال سینٹر پر کامیاب چھاپہ مار کر 61 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ قبضے سے 155 لیپ ٹاپس اور 71 موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کال سینٹر کے خلاف ملنے والی خفیہ معلومات پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گروہ غیر قانونی فارن لون (غیر ملکی قرضہ جات) کی ریکوری سرگرمیوں میں ملوث تھا جہاں کال سینٹر کے ملازمین صارفین کو فون کالز اور پیغامات کے ذریعے بلیک میل، خوفزدہ اور ہراساں کرتے تھے۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ لیپ ٹاپس اور موبائل فونز کا فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس مالیاتی فراڈ اور سائبر کرائم نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔