کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2026ء) اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کی سہولت کیلئے ون ونڈو سہولت کاری کا نیا نظام متعارف کرا دیا۔ایس آئی ایف سی کے مطابق سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کی سہولت کاری تیز بنانے کیلئے ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے مسائل، درخواستوں اور تجاویز کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر درج کرکے ان پر کارروائی کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت ملکی و غیر ملکی کاروباری افراد معلومات، رہنمائی اور متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطے کیلئے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، جبکہ درخواست جمع ہونے کے بعد اس کی پیش رفت اور تازہ ترین صورتحال بھی آن لائن دیکھی جا سکے گی۔ایس آئی ایف سی کے مطابق مختلف شعبوں اور علاقوں سے متعلق سرمایہ کاری درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے جواب 48 گھنٹوں کے اندر فراہم کیا جائے گا۔ درخواست مکمل ہونے پر متعلقہ ٹکٹ باقاعدہ طور پر بند کردیا جائے گا، جس سے درخواستوں کی نگرانی اور فالو اًپ کا نظام مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔