جولائی میں ایل ایس ایم کی 9.51 فیصد ماہانہ نمو خوش آئند ہے، میاں زاہد حسین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر و نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ جولائی 2026 میں

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر و نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ جولائی 2026 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.51 فیصد اضافہ خوش آئند ہے، تاہم صنعتی بحالی کو پائیدار بنانے کے لیے بڑے برآمدی اور روزگار فراہم کرنے والے شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے جاری کردہ اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2026 میں ایل ایس ایم کا کوانٹم انڈیکس آف مینوفیکچرنگ 119.13 تک پہنچ گیا، جو جولائی 2025 میں 115.62 اور جون 2026 میں 108.78 تھا۔ اس طرح ایل ایس ایم میں سالانہ بنیاد پر 3.03 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 9.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ جون 2026 میں ایل ایس ایم میں سالانہ بنیاد پر 3.48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ مالی سال 2025-26 کے دوران ایل ایس ایم کی مجموعی نمو 4.98 فیصد رہی، اس لیے جولائی کے اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی میں آٹوموبائلز کی پیداوار میں 57.01 فیصد، ٹرانسپورٹ آلات 40.22 فیصد، تمباکو 35.82 فیصد، گارمنٹس 22.03 فیصد، فیبریکیٹڈ میٹلز 13.55 فیصد، فرنیچر 10.10 فیصد اور برقی آلات کی پیداوار میں 7.88 فیصد اضافہ ہوا۔ نان میٹالک منرل مصنوعات میں 4.25 فیصد جبکہ پیٹرولیم مصنوعات میں 1.34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔میاں زاہد حسین کے مطابق بعض شعبوں میں بہتری کے باوجود ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 3.09 فیصد، فارماسیوٹیکلز 20.79 فیصد اور آئرن و اسٹیل مصنوعات میں 11.40 فیصد کمی ہوئی۔ اسی طرح خوراک 6.39 فیصد، مشروبات 8.77 فیصد، کیمیکلز 6.19 فیصد، پیپر اینڈ بورڈ 4.26 فیصد اور مشینری و آلات کی پیداوار میں 13.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ ایل ایس ایم انڈیکس میں 18.16 فیصد حصے کے ساتھ اہم ترین شعبوں میں شامل ہے اور ملکی برآمدات میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے اس کی پیداوار میں کمی پر فوری توجہ ضروری ہے۔ گارمنٹس کی پیداوار میں اضافہ ہوا جبکہ کاٹن یارن کی پیداوار بھی 2.73 فیصد بڑھی، تاہم ٹیکسٹائل کے دیگر شعبوں میں کمی کے باعث مجموعی پیداوار منفی رہی۔میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ جولائی میں کوکنگ آئل کی پیداوار میں 19.22 فیصد اور ویجیٹیبل گھی میں 11.81 فیصد کمی ہوئی۔ فارماسیوٹیکل شعبے میں لیکوڈ و سیرپ کی پیداوار 25.25 فیصد، انجیکشنز 45.45 فیصد اور کیپسولز کی پیداوار 61.91 فیصد کم ہوئی، جبکہ اسٹیل، بلٹ اور انگٹ کی پیداوار میں بھی 32 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تمام صنعتوں کے لیے یکساں پالیسی کے بجائے شعبہ وار حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ٹیکسٹائل صنعت کو مسابقتی نرخوں پر بجلی و گیس، خام مال کی بلا تعطل فراہمی اور ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سمیت سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ فارماسیوٹیکل صنعت کے لیے خام مال کی مسلسل دستیابی اور اسٹیل سیکٹر کے لیے توانائی، فنانسنگ اور خام مال کے مسائل حل کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ جون کے مقابلے میں جولائی کی 9.51 فیصد ماہانہ نمو مثبت اشارہ ہے، تاہم ایک ماہ کے اعداد و شمار کو پائیدار صنعتی بحالی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ صنعتی ترقی اس وقت پائیدار ہوگی جب بحالی چند محدود صنعتوں تک رہنے کے بجائے برآمدات اور روزگار پیدا کرنے والے بڑے شعبوں تک بھی پھیلے۔



