امریکی خلائی ادارے ناسا نے مریخ پر پتھروں کی ایک غیر معمولی ترتیب دریافت کی ہے، جہاں بڑے بڑے پتھر تقریباً حیران کن حد تک سیدھی اور منظم قطاروں میں موجود ہیں، تاہم سائنس دان تاحال یہ معلوم نہیں کرسکے کہ یہ ترتیب کیسے وجود میں آئی۔
یہ پراسرار منظر مریخ کے حصے ڈیڈیلیا پلینم (Daedalia Planum) میں دیکھا گیا، جس کی نشاندہی ناسا کے مارس ریکونیسنس آربیٹر میں نصب ہائی ریزولوشن کیمرے نے اگست 2024ء میں کی تھی۔
تصاویر میں روشن رنگ کے بڑے پتھر طویل اور خم دار قطاروں میں پھیلے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، یہ قطاریں تقریباً 5 سے 15 کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہیں، جبکہ ان کے درمیان 5 سے 10 میٹر کا فاصلہ ہے۔