غزہ سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2026ء) غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتوں پر بننے والی دستاویزی فلم ’نازا‘ نے اسرائیل میں نیا تنازع کھڑا کر دیا۔ اسرائیلی وزیرِ ثقافت میکی زوہار نے فلم کے ہدایت کاروں یووال ابراہم اور ریچل سور کی اسرائیلی شہریت ختم کرنے کی دھمکی دے دی۔میکی زوہار نے دونوں فلم سازوں پر ریاست سے غداری کا الزام عائد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا، ’میں ریاست سے غداری کے مرتکب ان گھٹیا تخلیق کاروں کی اسرائیلی شہریت منسوخ کرنے کے لیے فوری کارروائی کروں گا۔ اسرائیلی وزیرِ ثقافت نے فلم سازوں پر اپنے ملک کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ وہ ’دنیا بھر کے یہود مخالف لوگوں کی تالیاں حاصل کرنے کے لیے اپنے وطن کو نقصان پہنچانے پر آمادہ ہیں۔ ‘دوسری جانب اسرائیل کے وزیرِ قومی سلامتی اتمار بن گویر بھی فلم کے ہدایت کاروں کے خلاف میدان میں آگئے۔اتمار بن گویر نے کہا آپ پوری اسرائیلی قوم کے لیے باعثِ شرمندگی و رسوائی ہیں یہاں سے چلے جائیں۔ انہوں نے مزید کہامجھے یقین ہے کہ آپ کے دوست، یعنی غزہ میں ہمارے دشمن حماس، آپ کا کھلے بازوؤں سے استقبال کریں گے۔واضح رہے کہ فلم ’نازا‘ اسرائیلی ہدایت کار یووال ابراہم اور ریچل سور نے بنائی ہے۔ دونوں نے اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس سے وابستہ 24 افراد کے انٹرویوز کیے، جنہوں نے غزہ پر بمباری کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کی تفصیلات بیان کیں۔ فلم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔