ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2026ء) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا (گرمیت سنگھ) جولی کے بیٹے ابیر سنگھ بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ابیر کے ڈیبیو کی خبریں کئی سالوں سے گردش کر رہی تھیں لیکن اس پروجیکٹ کے بارے میں کوئی واضح اپ ڈیٹ سامنے نہیں آئی تھی۔ اب آن لائن رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ابیر اپنی پہلی فلم ‘ٹارزن’ سے ڈیبیو کریں گے۔ فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم ‘ٹارزن’ ابیر سنگھ کے ایکٹنگ کیریئر کا آغاز ہوگی۔ اس فلم میں سورج پنچولی بھی مرکزی کردار میں ہوں گے۔ فی الحال اس پروجیکٹ کے بارے میں زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ سلمان خان اس فلم کو پروڈیوس کریں گے یا اس کا حصہ بنیں گے۔ سلمان خان کی جانب سے شیرا کے بیٹے کو لانچ کرنے کی خبریں پہلی بار سنہ 2022 میں سامنے آئی تھیں۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ سپر اسٹار خود ابیر سنگھ کے ڈیبیو پروجیکٹ کو لے کر ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔تازہ رپورٹ ایک بار پھر ابیر کے بالی ووڈ ڈیبیو کو خبروں میں لے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ ‘ٹارزن’ سے انڈسٹری میں قدم رکھیں گے تاہم فلم کے ڈائریکٹر، پروڈکشن بینر اور باقی کاسٹ کے بارے میں ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔