کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) مصنوعی ذہانت کے نت نئے رجحانات نے پاکستانی شوبز ستاروں کو بھی ماضی کی یادوں میں پہنچا دیا، 80 کی دہائی کے مخصوص فیشن اور انداز میں تیار کی گئی اداکاروں اور دیگر شوبز شخصیات کی تصاویر سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں ۔سوشل میڈیا پر ان دنوں مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک نیا فلٹر تیزی سے مقبول ہورہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی موجودہ تصاویر کو 1980 کی دہائی کے مخصوص فیشن، میک اپ اور طرزِ زندگی کے انداز میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ اس نئے رجحان میں بڑے اور منفرد ہیئر اسٹائل، شوخ اور نمایاں رنگوں کے ملبوسات، بھاری میک اپ، گلیمر اور اٴْس دور کے مخصوص فوٹو شوٹ کا انداز نمایاں نظر آتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی جانے والی یہ تصاویر بظاہر 80 کی دہائی کے فلمی اور فیشن کلچر کی عکاسی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ پاکستانی شوبز سے وابستہ متعدد معروف شخصیات نے بھی اس دلچسپ رجحان کو آزمایا اور اپنی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ تصاویر میں انہیں 80 کی دہائی کے ملبوسات، ہیئر اسٹائل اور میک اپ کے ساتھ منفرد انداز میں دیکھا جاسکتا ہے ۔شوبز ستاروں کی یہ تصاویر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں نے بھی دلچسپی کا اظہار کیا اور کمنٹس میں ماضی کے فیشن، فلمی ستاروں اور اٴْس دور کے انداز کو یاد کیا۔ صارفین کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے موجودہ شخصیات کو ماضی کے مختلف ادوار میں دکھانے کے رجحان کو خاصا پسند کیا جارہا ہے۔مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال نے جہاں تخلیقی مواد کی تیاری کو آسان بنایا ہے، وہیں سوشل میڈیا پر ماضی کے فیشن اور ثقافت کو نئے انداز میں پیش کرنے کے رجحانات بھی تیزی سے مقبول ہورہے ہیں۔ 80 کی دہائی کا یہ نیا رجحان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جارہا ہے۔