اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2026ء) ٹیلی ویژن، سٹیج، تھیٹر اور فلم کے ورسٹائل اورمعروف اداکار مسعود اختر کی سالگرہ ہفتہ 5 ستمبر کو منائی گئی۔ مسعود اختر 5 ستمبر 1939 کو ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مقامی سکول سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے مری کالج میں داخلہ لیا۔ لاہور منتقل ہونے کے بعد بینک میں ملازمت کے ساتھ وکالت کا امتحان پاس کیا۔ دوران ملازمت انہوں نے ریڈیو پر کام کا آغاز کیا اور برجستہ جملوں کی ادائیگی سے تھیٹر پر اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ 1960 کی دہائی میں فن کارانہ زندگی کا آغاز کیا اور جلد ہی اسٹیج کے مشہور اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔ ان کے فن کو نکھارنے میں نذیر ضیغم نے نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے ٹیلی ویژن کے متعدد ڈراموں میں بھی کام کیا اور 1968 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ انھوں نے پہلی فلم سنگدل میں کام کیا، جو بہت مقبول ہوئی۔ اس کے بعد درد، دوسری ماں، آنسو، تیری صورت میری آنکھیں، جاپانی گڈی، گھرانہ، میرا نام محبت، بھروسا، انتخاب، نکی جئی ہاں سمیت کئی فلموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مسعود اختر نے کئی فلموں میں ولن کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ مسعود اختر کو تمغہ حسن کارکردگی ، نشان امتیاز سمیت مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ مسعود اختر 5 مارچ 2022 کو 82 سال کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سے لاہور میں وفات پا گئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی، ادبی حلقوں اور شو بز انڈسٹری کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور مسعود اختر کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔