لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2026ء) نامور کامیڈین لیجنڈ اداکار لہری کی برسی 14ویں اور فلم اورٹی وی کے اداکار کمال ایرانی کی 37ویں برسی13ستمبر کو منائی جائے گی ۔ سفیر اللہ المعروف لہری نے فلمی کیریئر کا آغاز 50کی دہائی میں کیا جو 30سال تک جاری رہا۔انہوں نے تین سو سے زائد فلموں میں کام کیا،مزاحیہ اداکاری میں بھی منفرد انداز کے مالک رہے۔ اداکار لہری نے نگار فلمی ایوارڈ سمیت درجنوں ایوارڈ حاصل کیے، ان کی آخری فلم دھنک 1986 میں ریلیز ہوئی۔انہوں نے انسان بدلتا ہے، رات کے راہی ،فیصلہ ، جوکر ، آگ ،تم ملے پیار ملا، بہادر، نوکر، بہاریں پھر بھی آئیں گی ، افشاں اور رم جھم سمیت کم و بیش تین سوفلموں میں کام کیا۔ لہری پر سب سے پہلے 1985 میں بیرون ملک فلم کی شوٹنگ کے دوران فالج کا اٹیک ہوا، پھر قوت بینائی میں کمی آنے لگی، اس طرح وہ فلمی دنیا سے آہستہ آہستہ کنارہ کش ہوتے چلے گئے۔ لہری 13ستمبر 2012 کو کراچی میں وفات پا گئے ۔فلم اور ٹی وی کے اداکار کمال ایرانی5 اگست 1932 کو پیدا ہوئے ، ان کا اصل نام کمال الدین صفوی تھا۔ کراچی کمال ایرانی کی جائے پیدائش بھی تھا اور یہیں کمال ایرانی کو پہلی مرتبہ فلم میں کردار نبھانے کا موقع ملا تھا۔کمال ایرانی نے اپنے فلمی سفر کا آغاز چراغ جلتا رہا سے کیا تھا اور یہ فلم 1961 میں ریلیز ہوئی تھی۔ ان کے علاوہ فلم چراغ جلتا رہا نے فلمی صنعت کو محمد علی، زیبا اور دیبا جیسے مایہ ناز فنکاردئیے۔ اپنے فنی سفر میں نے لگ بھگ ڈھائی سو فلموں میں کام کرنے والے کمال ایرانی نے اردو، پنجابی، سندھی اور پشتو زبانوں میں بننے والی فلمیں بھی کیں اور شائقینِ سنیما کو اپنی پرفارمنس سے متاثر کیا۔ان کی اصل وجہ شہرت 1964 کی فلم ہیرا اور پتھر بنی۔ فلم بینوں نے کمال ایرانی کو مثبت اور سنجیدہ کرداروں کے علاوہ ولن کے روپ میں بھی دیکھا اور پسند کیا۔ انہیںاپنے وقت کے مقبول ترین اداکاروں محمد علی، وحید مراد، ندیم، سدھیر، زیبا ، دیبا ، شمیم آرا ء اور دیگر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا، بعد میں کمال ایرانی نے ٹی وی کے ڈراموں میں بھی اداکاری کی اور چھوٹی اسکرین کے ناظرین کو بھی اپنی اداکاری سے محظوظ کیا۔