لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2026ء) سیشن عدالت لاہور میں اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس کی سماعت کے موقع پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں این سی سی آئی اے کی رپورٹ کی روشنی میں ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا نے اپنی عبوری ضمانتیں واپس لے لی ہیں۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کی، جبکہ ثاقب چدھڑ کی طرف سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے رپورٹ جمع کروائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فی الحال ملزمان کی فوری گرفتاری مطلوب نہیں ہے، تاہم اگر ضرورت پڑی تو مقدمے میں دوبارہ تفتیش کی جا سکتی ہے۔ تفتیشی ادارے کے اس بیان کے بعد ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ نے اپنی درخواستِ ضمانت واپس لے لی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ نے کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ جھوٹے الزام سے بری ہوئے اور دوبارہ تفتیش کی صورت میں بھی پیش ہوں گے۔ دوسری جانب پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ مومنہ اقبال نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہراساں کرنے والے منتخب نمائندے کو معطل کیا جانا چاہیے تھا اور وہ اس معاملے میں آخری حد تک جائیں گی کیونکہ ان کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ دعویٰ کر رہے تھے کہ انہیں پوری کہانی کا علم ہے، وہ اب کہاں غائب ہیں