نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2026ء) امریکی پاپ اسٹار آریانا گرانڈے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کی جانب سے اپنے گانے کے استعمال پر سخت اعتراض کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ ان کی موسیقی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کی جائے۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کی آفیشل ٹیم کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر چند روز قبل ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں آریانا گرانڈے کا معروف گانا ’وی کانٹ بی فرینڈز‘ استعمال کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ریلی کے دوران اسٹیج کی جانب جاتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ اس کے ساتھ ٹرانس جینڈر افراد اور خواتین کے کھیلوں سے متعلق ایک سیاسی پیغام بھی شامل تھا۔آریانا گرانڈے نے ویڈیو پر براہ راست تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ ٹیم کو سخت پیغام دیا۔ گلوکارہ نے لکھا کہ ’’میری موسیقی دوبارہ کبھی استعمال نہ کریں‘‘ اور ساتھ ہی کہا کہ جس مؤقف کو سچ قرار دیا جارہا ہے، وہ درست نہیں۔یہ پہلا موقع نہیں جب آریانا گرانڈے نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنی موسیقی استعمال کیے جانے پر اعتراض کیا ہو۔ رواں برس جون میں وائٹ ہاؤس کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر امیگریشن کریک ڈاؤن سے متعلق ایک ویڈیو میں بھی گرانڈے کا گانا ’بائے‘ استعمال کیا گیا تھا۔