کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2026ء) پاکستانی اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفی کی جانب سے نئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے بعد ان کی مبینہ دوسری شادی سے متعلق افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں۔فہد مصطفی نے اپنی آنے والی فلم ’آگ لگے بستی میں‘ کی شوٹنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پر فلم کے پس پردہ لمحات پر مشتمل تصاویر شیئر کیں۔ تصاویر میں فلم کی ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ اداکارہ حنا امان بھی دکھائی دے رہی ہیں۔فہد مصطفی کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر پر تبصرے بند ہونے کے باعث سوشل میڈیا صارفین میں مزید تجسس پیدا ہوگیا اور مختلف حلقوں کی جانب سے فہد مصطفی اور حنا امان کے مبینہ تعلق سے متعلق قیاس آرائیاں دوبارہ شروع ہوگئیں۔ فہد مصطفی اور حنا امان کی مبینہ شادی سے متعلق افواہیں گزشتہ تقریباً ایک سال سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، تاہم دونوں فنکاروں میں سے کسی نے بھی اب تک ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔ حالیہ تصاویر بھی ایسی کسی خبر کی تصدیق نہیں کرتیں اور دونوں کی جانب سے شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔اس سے قبل بگ بینگ پروڈکشنز سے وابستہ رہنے والے سابق فوٹوگرافر عمر سعید نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران فہد مصطفی اور حنا امان کے حوالے سے مختلف دعوے کیے تھے، تاہم ان دعوؤں کی بھی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ سوشل میڈیا پر فہد مصطفی کی نئی تصاویر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں، بعض صارفین تصاویر میں حنا امان کی موجودگی کو افواہوں سے جوڑ رہے ہیں، جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران کسی ساتھی فنکار کی موجودگی کو ذاتی تعلق یا شادی سے جوڑنا درست نہیں۔واضح رہے کہ فہد مصطفی نے ثنا فہد سے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کے دو بچے، فاطمہ اور موسیٰ ہیں۔ دوسری شادی سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کے باوجود تاحال اس حوالے سے فہد مصطفی یا حنا امان کی جانب سے کوئی تصدیقی بیان سامنے نہیں آیا۔