کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2026ء) پاکستانی شوبز کی معروف جوڑی دانش تیمور اور عائزہ خان کے درمیان علیحدگی اور طلاق سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر اداکار کی بھابھی سدرہ تیمور نے وضاحت کردی۔سدرہ تیمور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں دانش تیمور اور عائزہ خان کی طلاق کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان مضبوط رشتہ قائم ہے اور ان کے درمیان کسی قسم کی علیحدگی کی بات درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداکار بھی انسان ہوتے ہیں اور ان کا بھی دل ہوتا ہے، اس لیے انہیں ہر معاملے پر تنقید اور ٹرولنگ کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ سدرہ تیمور کے مطابق اس سے قبل جب وہ دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کی اختتامی تقریب میں شریک ہوئی تھیں تو بھی انہیں ٹرول کیا گیا، جبکہ اس مرتبہ تقریب میں شرکت نہ کرنے پر بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی گئی۔ سدرہ تیمور نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ غلط افواہوں پر کان نہ دھریں، دانش اور عائزہ دونوں خوش ہیں۔دانش تیمور اور عائزہ خان کے درمیان طلاق کی افواہیں اس وقت گردش کرنے لگیں جب عائزہ خان دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کی اختتامی تقریب میں دکھائی نہیں دیں۔ مداحوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ عائزہ خان نے 8 اگست کو اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر دانش تیمور کے لیے سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ شیئر نہیں کی۔ اسی طرح یومِ آزادی کے موقع پر دانش تیمور نے بھی خاندان کے بجائے اپنی ذاتی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جبکہ عائزہ خان کی جانب سے انسٹاگرام سے دانش تیمور اور بچوں کی تصاویر ہٹائے جانے کے بعد بھی سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔تاہم دانش تیمور اور عائزہ خان دونوں میں سے کسی نے بھی طلاق یا علیحدگی کی تصدیق نہیں کی، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبریں تاحال غیر مصدقہ قیاس آرائیاں ہیں۔دانش تیمور اور عائزہ خان کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور دونوں کا شمار پاکستان کی مقبول شوبز جوڑیوں میں ہوتا ہے۔