کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2026ء) معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان سعدیہ امام نے شوبز انڈسٹری میں اپنے ابتدائی دور کے تلخ تجربات کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بعض قریبی مرد ساتھی اداکاروں کی جانب سے دھوکے اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔سعدیہ امام نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران اپنے کیریئر اور شوبز انڈسٹری میں بننے والی دوستیوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو خواتین فنکاروں کی تعداد نسبتاً کم تھی، جس کے باعث ان کے قریبی حلقے میں زیادہ تر مرد ساتھی اداکار شامل تھے۔ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ انہیں معلوم ہوا کہ جن لوگوں کو وہ اپنا قریبی دوست سمجھتی تھیں، ان میں سے بعض نے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ سعدیہ امام نے دعویٰ کیا کہ کئی مواقع پر انہوں نے اپنے ساتھیوں کو پروڈیوسرز اور دیگر متعلقہ افراد سے یہ کہتے ہوئے سنا کہ سعدیہ امام کو کسی منصوبے میں کاسٹ نہ کیا جائے۔ اداکارہ کے مطابق بعض ساتھیوں کو شکایت تھی کہ وہ ’پارٹی گرل‘ نہیں تھیں اور شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ تفریح یا پارٹیوں میں شریک نہیں ہوتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران بھی بعض ساتھیوں کی جانب سے انہیں منصوبوں سے الگ کرنے یا مرکزی کردار کے بجائے ثانوی کردار دینے کی کوشش کی گئی۔سعدیہ امام نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ دکھ اس بات سے ہوا کہ ان کے خلاف مبینہ طور پر اس طرح کے اقدامات کرنے والوں میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو ان کے انتہائی قریب تھے، ان کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے اور ان کے گھر بھی آتے جاتے تھے۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد ہمیشہ انہیں نصیحت کرتے تھے کہ جھوٹے دوست رکھنے سے بہتر ہے کہ انسان تنہا رہے، تاہم نوجوانی میں انہیں اس نصیحت کی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا۔سعدیہ امام کے مطابق وقت گزرنے اور زندگی کے تجربات سے انہیں اپنے والد کی بات سمجھ آئی اور شوبز کیریئر کے دوران پیش آنے والے ان واقعات نے انہیں تعلقات اور دوستی کے حوالے سے بہت کچھ سکھایا۔