سندھ میں فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کی نمائش کا معاملہ، سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2026ء) فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ دینے کے خلاف فلم سازوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2026ء) فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ دینے کے خلاف فلم سازوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔درخواست گزاروں کے وکیل معیز بیگ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ فلم کی نمائش کی اجازت دے چکے ہیں، تاہم سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کی جانب سے فلم کی نمائش کی منظوری نہیں دی جارہی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ موشن ایکٹ 2011 کے تحت کسی فلم کو سینسر سرٹیفکیٹ سے انکار مخصوص قانونی بنیادوں پر ہی کیا جاسکتا ہے، جبکہ سینسر قوانین کے مطابق ’گھوسٹ اسکول‘ پر سندھ میں پابندی کی کوئی قانونی وجہ موجود نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق مذہب، قومی سلامتی، بین الاقوامی تعلقات یا اخلاقیات کے خلاف مواد کی موجودگی فلم کی نمائش روکنے کی قانونی وجوہات ہوسکتی ہیں، تاہم سندھ سینسر بورڈ کا فیصلہ قانون میں درج کسی بنیاد کے تحت نہیں آتا۔ معیز بیگ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ فلم میں گھوسٹ اسکولز کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے اور اسے برطانیہ میں ہونے والے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔درخواست گزاروں کے وکیل نے مزید کہا کہ فلم سازوں کو نہ کوئی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔



