اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2026ء) معروف موسیقار غلام احمد چشتی المعروف بابا چشتی کی 121ویں سالگرہ (پرسوں)17اگست پیرکو منائی گئی۔17اگست 1905کو جالندھر میں پیدا ہونے والے باباچشتی کو بچپن میں ہی موسیقی کا شوق ہو گیا۔ جب بابا چشتی 1934میں لاہور آئے تو سٹیج ڈرامے کے ڈائریکٹر آغا حشر کاشمیری سے ان کی ملاقات ہوئی ، جنہوں نے ان کی خدمات حاصل کیں۔ آغا حشر کاشمیری کے زیر اثر بابا چشتی نے موسیقی کی پیچیدگیاں سیکھنا شروع کیں اور ان کے ساتھ تربیت حاصل کی۔آغا حشر کاشمیری کی وفات کے بعد بابا چشتی نے ایک ریکارڈنگ کمپنی جوائن کی اور خود کمپوزنگ شروع کی۔ ان کے پہلے ریکارڈوں میں تقسیم سے پہلے جدن بائی اور امیر بائی کرناٹکی کے ریکارڈ شامل ہیں۔ بابا چشتی نے ملکہ ترنم نور جہاں کو 1935میں اس وقت لاہور کے سٹیج پر متعارف کرایا تھا جب وہ 9سال کی تھیں۔ وہ اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں اپنی کمپوزیشن کیلئے مشہور ہوئے۔ انہوں نے 1949میں پاکستان ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے بطور موسیقار اپنی خدمات پیش کیں۔انہوں نے 1949میں تین فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔نور جہاں کے علاوہ سلیم رضا، مالا، نسیم بیگم، مسعود رانا اور پرویز مہدی بھی ان کی ہی دریافت تھے۔غلام احمد چشتی کو 1989میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ برائے فنون سے نوازا گیا۔غلام احمد چشتی المعروف بابا چشتی 89سال کی عمر میں 25دسمبر 1994کو لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر موسیقی اور شو بز انڈسٹری کے زیر انتظام مختلف تقریبات کا انعقادکیاجائے گااوربابا چشتی کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔