کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) پاکستانی اداکارہ نادیہ افغان نے آوارہ کتوں کے خلاف تشدد کی مخالفت کرتے ہوئے جانوروں کے ساتھ رحم دلی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانے پر زور دیا ہے۔ایک گفتگو کے دوران نادیہ افغان نے کہا کہ معاشرے میں آوارہ کتوں کو مارنے کا رجحان بچوں کی ذہنی اور اخلاقی تربیت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے، کیونکہ اس سے انہیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہر مسئلے کا حل تشدد ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ سڑکیں بچوں، شہریوں اور جانوروں سمیت کسی کے لیے بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں، تاہم آوارہ کتوں کو مارنے یا زہر دینے کے بجائے ان کی ویکسینیشن، خوراک اور مناسب دیکھ بھال کے ذریعے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔نادیہ افغان نے کہا کہ آوارہ کتوں کو زہر دے کر یا گولیاں مار کر ختم کرنے کے بجائے انہیں ویکسین لگائی جائے تو نہ صرف مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے بلکہ شہریوں اور جانوروں کے درمیان بہتر اور محفوظ ماحول بھی پیدا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں بھی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر میں بھی ایک کتا تھا جبکہ ان کی والدہ کو جانوروں کو بچانے اور ان کی دیکھ بھال کا شوق تھا، جو انہیں اپنی والدہ کی جانب سے نانی سے ورثے میں ملا تھا۔اداکارہ نے کہا کہ بچوں کی تربیت میں جانوروں کے ساتھ حسنِ سلوک، رحم دلی اور ذمہ داری کے جذبے کو شامل کرنا چاہیے تاکہ معاشرے میں تشدد کے بجائے ہمدردی اور انسانیت کو فروغ دیا جاسکے۔نادیہ افغان کے مطابق جانوروں سے محبت اور ان کی مناسب دیکھ بھال بچوں میں بھی احساسِ ذمہ داری اور رحم دلی پیدا کرتی ہے، اس لیے معاشرے کو اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔