لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) شوبز شخصیات نے پاکستانی قوم کو 79ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ امسال یوم آزادی کی خوشیاں پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے باہمی دفاعی معاہدے کی وجہ سے کئی گنا بڑھ گئی ہیں اور یہ انتہائی خوشی اور فخر کے لمحات ہیں،یہ معاہدہ پاکستان کی سفارتی اور دفاعی اہمیت کا مظہر ہے اور پوری قوم کے لیے باعث اطمینان ہے۔ نامور گلوکارہ میگھا، اداکار نسیم وکی، ریشم، سعود ، معمر رانا ،افتخار ٹھاکر، عدنان جیلانی، گلوکارہ سائرہ نسیم، عارف لوہار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے ، اس کی اہمیت ان قوموں سے پوچھی جائے جہاں وہ کسی کے زیر تسلط ہیں ۔شوبز شخصیات نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ پاکستان کی ثقافت اور مثبت چہرے کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا بھی حب الوطنی کا ایک اہم تقاضہ ہے۔فنکاروں نے عہد کیا کہ وہ اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا مثبت اور روشن تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کرتے رہیں گے۔انہوں نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔