ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2026ء) بالی ووڈ کی معروف اور نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ کریتی سینن نے ذہنی اور جذباتی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار مسلسل اپنے جذبات کے ساتھ کام کرتے ہیں، اس لیے ان کے لیے ذہنی و جذباتی توازن برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔’ٹائمز آف انڈیا‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کریتی سینن نے کہا کہ فلموں ممی اور دو پتی میں کام کرنے کے بعد ان کا کردار اور جذبات کے حوالے سے نقطہ نظر تبدیل ہوا۔ اداکارہ کے مطابق وہ پہلے سمجھتی تھیں کہ فلم میں ادا کیے جانے والے کردار ان کی حقیقی زندگی پر کوئی اثر نہیں ڈالتے، تاہم بعض جذباتی اور مشکل کرداروں نے انہیں یہ احساس دلایا کہ کردار شعوری طور پر اثر انداز نہ بھی ہوں تو لاشعوری سطح پر اپنے اثرات ضرور چھوڑتے ہیں۔ کریتی سینن نے بتایا کہ کسی شدید جذباتی کردار کا اثر فوری طور پر محسوس نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات کردار مکمل کرنے کے چند دن یا ایک ہفتے بعد جذبات اور رویے میں تبدیلی محسوس ہوتی ہے۔ ان کے بقول اسی تجربے سے انہیں احساس ہوا کہ کردار سے شعوری طور پر خود کو الگ کرنا بھی اداکاری کا ایک اہم حصہ ہے۔اداکارہ نے کہا کہ فنکاروں کو اپنی ذاتی زندگی کے جذبات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے درمیان توازن پیدا کرنا سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ وہ ذاتی زندگی میں جذباتی طور پر پریشان یا کسی مشکل صورتحال سے دوچار تھیں، لیکن انہیں اسی دوران کامیڈی فلم کی شوٹنگ بھی کرنا پڑی۔ کریتی سینن نے ذہنی صحت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اداکار مسلسل اپنے جذبات کو استعمال کرتے اور مختلف کرداروں کے لیے ان میں تبدیلی لاتے ہیں، اس لیے ذہنی اور جذباتی صحت کا خیال رکھنا ناگزیر ہے۔انہوں نے ذہنی توازن برقرار رکھنے کے لیے مراقبے، تھراپی یا دیگر معاون طریقوں سے مدد لینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو ایسا ذریعہ تلاش کرنا چاہیے جو اسے متوازن رہنے میں مدد دے۔ کریتی سینن کے مطابق وہ خود بھی وقتاً فوقتاً مراقبہ کرتی ہیں اور اسے اپنے لیے مفید پاتی ہیں۔