بڑے انٹوریجز فنکار کی صلاحیت کا معیار نہیں، نیہا دھوپیا
ًممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2026ء) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نیہا دھوپیا نے فنکاروں کے بڑے انٹوریجز کے ساتھ سیٹ پر آنے کے رجحان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی اداکار کی صلاحیت یا

ًممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2026ء) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نیہا دھوپیا نے فنکاروں کے بڑے انٹوریجز کے ساتھ سیٹ پر آنے کے رجحان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی اداکار کی صلاحیت یا ٹیلنٹ کا اندازہ اس بات سے نہیں لگایا جا سکتا کہ وہ کتنے لوگوں کے ساتھ سیٹ پر پہنچتا ہے۔ ان کے مطابق خود کو غیر ضروری چیزوں سے آزاد رکھنا اداکاری کی صلاحیت کو مزید بہتر بناتا ہے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں نیہا دھوپیا نے اپنے دو دہائیوں سے زائد پر محیط کیریئر اور فلم انڈسٹری میں اپنے منفرد سفر پر بھی گفتگو کی۔نیہا دھوپیا نے کہا کہ ان کا کیریئر شروع سے ہی روایتی راستے سے مختلف رہا۔ ان کے بقول اس وقت شاید ان کا راستہ منفرد محسوس نہ ہوتا ہو اور ممکن ہے کہ وہ خود بھی اپنے فیصلوں کے بارے میں زیادہ حساب کتاب نہیں کرتی تھیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ اپنے لیے الگ راستہ اختیار کرنا درست فیصلہ تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ ان کی والدہ ہمیشہ کہتی ہیں کہ جو ہوتا ہے، اچھے کے لیے ہوتا ہے۔ اور زندگی میں پیش آنے والے واقعات کے پیچھے کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے، اگرچہ اس وقت یہ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ وجہ کیا ہے یا مستقبل کس سمت لے جائے گا۔اپنی پہلی بین الاقوامی فلم ’52 بلیوکے حوالے سے نیہا دھوپیا نے بتایا کہ مصری فلم ساز علی العربی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کا 2026 کے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن میں آسٹریلوی پریمیئر ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم جلد بھارت میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔نیہا دھوپیا نے کہا کہ ان کی پوری زندگی انتظار کے مرحلے سے گزرتی رہی ہے اور وہ اس فلم کے لیے بھی اسی انتظار میں ہیں کہ کوئی دلچسپ موقع سامنے آئے۔ ان کی خواہش ہے کہ ان کا ہر نیا کام انہیں کسی نئے اور دلچسپ پروجیکٹ اور لوگوں کی نئی ٹیم تک لے جائے۔بالی ووڈ کے حوالے سے اپنے تجربے پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انہیں انڈسٹری سے کوئی شکایت یا ناراضی نہیں۔ ان کے مطابق فلم انڈسٹری نے انہیں چہرہ، آواز، نام اور شناخت دی اور انہیں ایک برانڈ کے طور پر متعارف کرایا۔فنکاروں کے بڑے انٹوریجز سے متعلق سوال پر نیہا دھوپیا نے کہا کہ ان کے کیریئر کے ابتدائی دور میں وینٹی وینز تو موجود تھیں لیکن بڑے انٹوریجز کا رجحان عام نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے قافلے انہیں ’’بہت گھٹن‘‘ کا احساس دیتے ہیں اور وہ ہمیشہ مختصر ٹیم کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ کسی فنکار کی قابلیت یا ٹیلنٹ کا تعین اس کے ساتھ سفر کرنے یا سیٹ پر آنے والے لوگوں کی تعداد سے نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق جتنا انسان خود کو غیر ضروری چیزوں سے آزاد رکھے گا، اتنا ہی اس کی کارکردگی اور تخلیقی صلاحیت بہتر ہوگی۔



