ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2026ء) بالی ووڈ کے معروف اداکار اور مارشل آرٹس کے ماہر اکشے کمار نے 18ویں اکشے کمار انٹرنیشنل کڈو ٹورنامنٹ کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ بین الاقوامی معیار کا یہ مارشل آرٹس ایونٹ 15 نومبر 2026 کو بھارتی شہر احمد آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اکشے کمار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ٹورنامنٹ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے ہندی میں لکھا،ایک اور سفر، ایک اور چیلنج، ایک ہی جنون، کڈو کے 18ویں اکشے کمار انٹرنیشنل کڈو ٹورنامنٹ کے لیے 15 نومبر 2026 کو احمد آباد میں ملاقات ہوگی۔ٹورنامنٹ کے اعلان کے بعد مارشل آرٹس سے وابستہ کھلاڑیوں اور شائقین میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ ایونٹ گزشتہ کئی برسوں سے بھارت میں کڈو مارشل آرٹ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اکشے کمار نے 2009 میں کڈو انٹرنیشنل فیڈریشن انڈیا کے صدر ہانشی مہول وورا کے اشتراک سے اس ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد ایسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جو مالی وسائل کی کمی کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔