کامیڈی کھیل فرینڈز آف سیونٹیز 8اگست سے الحمرا میں پیش کیا جائے گا،ترجمان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری، صحت مندتفریخ کی فراہمی کے سلسلے میں1970کے دور کی یادوں کی خوشبو،رشتوں کی مٹھاس ، تھیٹر کی اعلی روایت

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری، صحت مندتفریخ کی فراہمی کے سلسلے میں1970کے دور کی یادوں کی خوشبو،رشتوں کی مٹھاس ، تھیٹر کی اعلی روایت ،تہذیب و تمدن کی عظمت سے بھرپور کامیڈی کھیل Friends of's 70sعوام کے لئے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ڈرامہ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری کی خصوصی توجہ کی بدولت تیار کیا گیا ہے جسے معروف ڈرامہ نگار سعید انجم نے تحریر کیا جبکہ اس ڈرامے کی ہدایت کاری پاکستان کے ممتاز فنکار وسیم عباس نے کی ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈرامہ میں 1970 کی دہائی کے سماجی و ثقافتی ماحول، خاندانی رشتوں، روایتی اقدار اور اس عہد کی موسیقی کو فنکارانہ انداز میں پیش کی جا رہا ہے تاکہ مختلف نسلوں کے درمیان ثقافتی ربط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ پروڈکشن میں سینئر فنکار ہنی البیلا، قیصر پیا اور اشرف خان کے ساتھ نئی نسل کے باصلاحیت فنکار مہر چوہدری، ایمان نور، عثمان راج، شیزہ بٹ اور احمد مغل بھی شریک ہیں، جبکہ اسٹیج سیٹ مہرالنسا اور بلال نے ترتیب دیا ہے۔ بلاشبہ لاہور آرٹس کونسل کی یہ پیشکش حکومتِ پنجاب کے اس عزم کی عکاس ہے کہ فنونِ لطیفہ کو معاشرتی ترقی، ثقافتی شناخت اور مثبت تفریح کے فروغ کا موثر ذریعہ بنایا جائے۔ اس مقصد کے تحت تعلیمی اداروں اور جامعات کے طلبہ کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے تاکہ نوجوان نسل معیاری پاکستانی تھیٹر سے قریب تر ہو سکے۔ڈرامے کی افتتاحی تقریب میں فن، ادب، ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر سے وابستہ ممتاز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ترجمان کے مطابق ٹکٹ کی قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ شائقین کے لیے پیشگی بکنگ اور شو کے روز آن دی اسپاٹ ٹکٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی ،کھیل فرینڈز آف سیونٹیز 14اگست تک جاری رہے گا۔



