فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2026ء) پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور گلورکارہ اور لالی ووڈ کی فنکارہ نسیم بیگم کی برسی کل 29ستمبربرو زمنگل کو منائی جائیگی۔ نسیم بیگم نے فلم گلفام، شہید، شام ڈھلے، الہلال، سلمیٰ، زرقا سمیت سینکڑوں فلموں کیلئے بے شمار گیت گائے اور شہرت کی بلندیو ں کو چھوا۔ ’’کہیں دو دل جو مل جاتے بگڑتا کیا زمانے کا، نینوں میں جل بھر آئے، ڈولے میرے پاؤں، چھو لے میرے جھمکے، سانوریا من بھائیورے، سو بار چمن مہکا سو بار بہار آئی، اس بے وفا کا شہر ہے اور ہم ہیں دوستو ‘‘ جیسے سدا بہار گیتوں نے نسیم بیگم کو ہمیشہ کیلئے امر کر دیا۔ نسیم بیگم 1936میں امر تسرمیں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے موسیقی کا فن کلاسیکل گلوکارہ مختار بیگم سے سیکھا اور 1958 میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ ان کا پہلا گانا فلم بے گناہ کیلئے ریکارڈکیا گیا جس کے بول نینوں میں جل بھر آئے تھے۔ نسیم بیگم کی آواز لتا منگیشتکر اور ثمن کلیانپور سے بے حد مماثلت رکھتی تھی جبکہ انہیں ملکہ ترنم نور جہاں کا نعم البدل بھی تصور کیا جاتا تھا۔ انہوں نے 1960سے 1964 تک بہترین خاتون گلوکارہ کے طور پر 4نگار ایوارڈز جیتے۔ ان کی پہلی فلم باجی 1963 میں ریلیز ہوئی۔ نسیم بیگم نے رشید عطرے اور اے حمید کے ساتھ خوب جوڑی جمائی۔ انہوں نے موسیقار اے حمید کے ساتھ مل کر فلم سہیلی کے معروف گانے ہم بھول گئے ہر بات مگر تیرا پیار نہیں بھولے کی دھنیں ترتیب دیں۔ان کی موسیقی میں سلیم رضا کا گانا کہیں دو دل جو مل جاتے بگڑتا کیا زمانے کا بے حد مقبول ہوا۔ انہوں نے 1962میں فلم اولاد کا گانا نام لے لے کے تیراہم تو جیئے جائیں گے گایا جو زبان زد عام ہوا۔ انہوں نے ماسٹر عنایت حسین کی موسیقی میں بھی بہت سے گانے گائے۔ بادلوں میں چھپ رہا ہے چاند کیوں، ایک تیرا سہارا، پھر تیری کہانی یاد آئی گا کر بھی نسیم بیگم نے خوب دھوم مچائی۔ نسیم بیگم 1964 میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچی جب انہوں نے فلم حویلی کیلئے گانا میرا بچھڑا بلم گھر آگیا گایا۔سدا بہار اور دل و دماغ میں ہمیشہ کیلئے نقش ہو جانے والے سینکڑوں خوبصورت نغمے گانے والی یہ دلفریب آواز29ستمبر 1971 بروز پیر کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی لیکن ان کے سدا بہار گیت آج بھی کانوں میں رس گھول رہے ہیں۔