ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2026ء) بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے کہاہے کہ کبھی شادی کی سالگرہ کی تصاویر شیئر نہیں کیں، ویڈیو کا وائرل ہونا افسوسناک ہے۔ ایک انٹرویو میں تاپسی پنوں نے بتایا کہ شوہر و سابق ڈنمارک کے بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوئے کو اسی سال ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا جس سال بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔اداکارہ کے مطابق میتھیاس کے ساتھ رہنا میری زندگی کا بہترین فیصلہ ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ میں اس سے بہتر انتخاب کر سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خاندان انسان کو قدرت کی طرف سے ملتا ہے جبکہ شوہر کا انتخاب میرا اپنا فیصلہ تھا جس پر مجھے فخر ہے۔رشتے کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے تاپسی نے کہا کہ ایک دوسرے کے لیے تحفظ کا مضبوط احساس میتھیاس کے ساتھ رہنے کی بڑی وجہ ہے، سب سے اہم چیز باہمی احترام ہے، محبت اس کے بعد آتی ہے اور اگر کسی رشتے کی بنیاد احترام پر نہ ہو تو وہ زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہ سکتا۔ اداکارہ نے کہا کہ آج کے دور میں لوگ محبت، تعاون اور ساتھ چاہتے ہیں لیکن رشتے قائم رکھنا پہلے کی نسبت مشکل ہوتا جا رہا ہے، شاید لوگوں کی توقعات اور زندگی کی ترجیحات بدل گئی ہیں۔تاپسی پنو نے بتایا کہ میں نے کبھی اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر نہیں کیں کیونکہ میں اپنی ازدواجی زندگی کو ذاتی معاملہ سمجھتی ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ شادی میں شریک تمام مہمانوں کو تقریب کے 24گھنٹے بعد تصاویر فراہم کر دی گئی تھیں، شادی میں موبائل فون پر پابندی بھی نہیں تھی مگر مہمانوں، دوستوں اور خاندان کے افراد سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں۔اس کے باوجود شادی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔تاپسی نے اسے افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا ان افراد کی وجہ سے ہوا جو براہِ راست میری جانب سے مدعو نہیں کیے گئے تھے بلکہ خاندان کی طرف سے تقریب میں شریک ہوئے تھے۔اداکارہ کے مطابق شادی میں صرف یہی ہدایت کی گئی تھی کہ مہمان تصاویر نہ بنائیں اور اگر بنائیں تو انہیں سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔