لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2026ء) جعلی ونائل ریکارڈز تیار کرکے 7 سال کے دوران 27 لاکھ پانڈ سے زائد منافع کمانے والے شخص کو برطانوی عدالت نے ساڑھے 3 سال قید کی سزا سنا دی ۔برطانیہ میں موسیقی کے معروف فنکاروں کے جعلی ونائل ریکارڈز تیار کرکے فروخت کرنے والے 40 سالہ ریحان احمد کو ساڑھے 3 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ ملزم نے دی بیٹلز، ٹیلر سوئفٹ اور ایڈ شیرن سمیت 108 سے زائد فنکاروں کے نام سے جعلی ریکارڈز تیار کیے اور اس کاروبار سے 7 سال کے دوران تقریبا 27 لاکھ پانڈ منافع کمایا۔ سٹی آف لندن پولیس کے مطابق ریحان احمد کا تعلق مغربی لندن سے ہے اور اسے جمعہ کے روز اِنر لندن کران کورٹ میں سزا سنائی گئی ۔پولیس نے اس کے کاروبار کو طویل عرصے سے جاری، انتہائی منظم اور مکمل طور پر غیر قانونی مینوفیکچرنگ آپریشن قرار دیا۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ جعلی ریکارڈز پر صرف چند معروف فنکاروں کے نام استعمال نہیں کیے جارہے تھے بلکہ ان میں ایڈیل، آریانا گرانڈے، بیڈ بنی، ڈریک، بیونسے اور ریحانہ سمیت 108 مختلف موسیقاروں کی موسیقی شامل تھی۔