صبا قمر کے کام نے میرے فنی سفر پر گہرا اثر ڈالا ہے، اقرار عزیز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2026ء) پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے کہا ہے کہ اداکارہ صبا قمر کے کام نے میرے فنی سفر پر گہرا اثر ڈالا ہے ۔سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر اقرا عزیز نے صبا قمر کی ا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2026ء) پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے کہا ہے کہ اداکارہ صبا قمر کے کام نے میرے فنی سفر پر گہرا اثر ڈالا ہے ۔سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر اقرا عزیز نے صبا قمر کی ایک ویڈیو ری شیئر کی ہے، جس میں صبا قمر ایک تقریب کے دوران اپنی ساتھی اداکارہ کی تعریف کرتی دکھائی دیں اور انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل اداکارہ قرار دیا۔ صبا قمر نے اقرا عزیز کے فن سے وابستگی اور ان کے کام میں نظر آنے والے جذبے اور شدت کو بھی سراہا اور ان کی اداکاری میں موجود لگن اور جذباتی گہرائی کا اعتراف کیا۔صبا قمر کے الفاظ سے متاثر ہو کر اقرا عزیز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے سینئر اداکارہ کیلئے اپنی بھرپور عقیدت اور احترام کا اظہار کیا ہے۔ اقراعزیز نے لکھا کہ آپ کو واقعی اندازہ نہیں کہ آپ کے الفاظ میرے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں، آپ ان بہترین اداکارائوں میں سے ایک ہیں جنہیں اس ملک کے لوگوں کو دیکھنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور میں طویل عرصے سے آپ کو سراہتی آئی ہوں۔اداکارہ نے بتایا کہ میں برسوں سے صبا قمر کے کام کو قریب سے دیکھتی آئی ہوں اور خاص طور پر بالی ووڈ فلم ہندی میڈیم میں ان کی اداکاری کو میں نے کئی بار دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہندی میڈیم اتنی مرتبہ دیکھی ہے کہ اب گننا بھی ممکن نہیں اور آپ کو دیکھ کر میں نے بہت کچھ سیکھا ہے، اس لیے آپ کی جانب سے یہ الفاظ سننا میرے لیے بے حد خاص اور سچ کہوں تو کچھ غیر حقیقی سا محسوس ہوتا ہے، میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے، بہت بہت شکریہ۔



